ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / ہائی کورٹ نے نلنی کی قبل ازوقت رہائی سے متعلق درخواست کی سماعت سے انکار کیا 

ہائی کورٹ نے نلنی کی قبل ازوقت رہائی سے متعلق درخواست کی سماعت سے انکار کیا 

Wed, 20 Jul 2016 21:12:17    S.O. News Service

چنئی، 20؍جولائی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )مدراس ہائی کورٹ نے راجیو گاندھی کے قتل کے معاملے کی مجرم نلنی شری ہر ن کی قبل از وقت رہائی سے متعلق درخواست پر سماعت کرنے سے آج انکار کر دیا اور کہا کہ وہ سپریم کورٹ کے سامنے ایک متعلقہ معاملہ زیر التوا ہونے کے پیش نظر اس عرضی پر سماعت نہیں کر سکتا۔جسٹس ایم ستیہ نارائن نے یہ واضح کیا کہ عمر قید کی سزا بھگت رہی نلنی کی اپیل پر اس وقت تک غور نہیں کیا جا سکتا، جب تک سپریم کورٹ کے سامنے موجود معاملے پر فیصلہ نہیں ہو جاتا۔نلنی نے عرضی میں تمل ناڈو حکومت کو آئین کے آرٹیکل 161کے تحت قبل از وقت رہائی کی اس کی درخواست پر غور کرنے کی ہدایت دئیے جانے کی درخواست کی ہے۔جج نے ساتھ ہی کہا کہ عدالت گورنر کو یہ ہدایت نہیں دے سکتی کہ وہ کسی خاص طریقے سے اپنے آئینی کام کرے۔عدالت نے کہاکہ سی بی آئی کے 9 ؍جولائی 2014کے حکم کے ساتھ ساتھ اس حقیقت کے پیش نظر کہ اس معاملے کی تحقیقات سی بی آئی کر رہی ہے، یہ عدالت درخواست گزار کی دلیلوں پر غور کرنے کے لیے ریاستی حکومت کو فی الحال ہدایات نہیں دے سکتی۔عدالت کی رائے کے مطابق جب تک سپریم کورٹ کے سامنے زیر التوا عرضی پر فیصلہ نہیں ہو جاتا، اس وقت تک درخواست گزار کی درخواست پر غور نہیں کیا جا سکتا۔جسٹس ستیہ نارائن نے عرضی کا تصفیہ کر دیا اور ریاست کے داخلہ سکریٹری کو زیر غور معاملے پر سپریم کورٹ کے فیصلے کے نتائج کی بنیاد پر، قانون کے مطابق درخواست گزار کی دلیلوں پر غور کرنے کی آزادی دی۔قابل ذکرہے کہ آئین کے آرٹیکل 161کے تحت قبل از وقت رہائی کی اپیل کرتے ہوئے نلنی نے کہا تھا کہ وہ جیل میں 25سال گزار چکی ہے، جبکہ قبل از وقت رہائی کے لیے قانونی ضرورت صرف 20سال ہے۔


Share: